ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا غزہ پر فوجی قبضے کا منصوبہ فلسطینیوں کی نسل کشی کی نیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اسرائیل کے غزہ پر فوجی قبضے کے منصوبے کو فلسطینیوں کی نسل کشی کی واضح نیت قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ غزہ میں آبادی کی جبری نقل مکانی کا باعث بنے گا اور بین الاقوامی فوجداری عدالت اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف کو چاہیے کہ وہ اس خطرے پر فوری توجہ دیں۔
امریکا اور اسرائیل ایران پر دوبارہ حملہ کرسکتے ہیں، روس نے تہران کو خبردار کردیا
اسماعیل بقائی نے اقوام متحدہ اور دنیا بھر کے ممالک پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی نسل کشی اور جرائم کو روکنے کے لیے اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری نبھائیں۔
اسماعیل بقائی نے اسرائیلی حکومت کی نسل کشی میں امریکا اور بعض مغربی ممالک کی حمایت کو شرمناک قرار دیا اور زور دیا کہ عالمی برادری فوری طور پر اسرائیل کو نسل کشی روکنے پر مجبور کرے۔
انہوں نے غزہ کے بھوکے اور پیاسے عوام کو فوری انسانی امداد بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے او آئی سی کے سیکریٹریٹ اور اسی طرح، سعودی عرب سے جہاں اسلامی تعاون تنظیم کا ہیڈ کوارٹر ہے اور ترکیہ سے جو اس وقت اس تنظیم کا سربراہ ہے، غزہ کے بارے میں ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔