انسداد دہشت گردی عدالت لاہور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور راحت بیکری چوک میں گاڑیاں جلانے کے مقدمے کا فیصلہ محفوظ کرلیا، دونوں مقدمات کا فیصلہ پیر 11 اگست کو سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے تھانہ شادمان اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس گاڑیاں جلانے سے متعلق دو اہم مقدمات کا جیل ٹرائل مکمل کر لیا ہے۔
عدالت نے دونوں کیسز میں فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جو پیر 11 اگست کو سنایا جائے گا۔
جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں رات گئے تک مقدمات کی سماعت کی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ وقت کم ہونے کے باعث فیصلہ فوری طور پر سنانا ممکن نہیں تھا۔
جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس، جی آئی ٹی نے 7 افراد کو بے گناہ قرار دیدیا
پہلے کیس میں، تھانہ شادمان کو جلانے کے واقعے میں 41 ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا گیا، جن میں سے 25 افراد کا باقاعدہ ٹرائل کیا گیا۔ 15 افراد کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ ایک ملزم دوران سماعت وفات پا چکا ہے۔ مقدمے میں 45 سرکاری گواہان نے شہادت ریکارڈ کرائی۔
دوسرے مقدمے میں، جناح ہاؤس کے قریب راحت بیکری چوک پر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں 17 افراد کا ٹرائل ہوا، 7 کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے۔ اس کیس میں 65 گواہان نے شہادت ریکارڈ کروائی۔
نو مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت کی درخواستیں خارج
نامزد ملزمان میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمود الرشید، اعجاز چوہدری، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید شامل ہیں۔
دریں اثنا، بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کیس میں اپنی ضمانت منسوخی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ عدالت نے کارروائی 11 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔