بلوچستان: ریلوے ٹریک دھماکا، جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

0 minutes, 0 seconds Read

بلوچستان کے ضلع دشت میں ریلوے ٹریک پر ہوئے دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے راولپنڈی جا رہی تھی۔

دھماکے کی شدت سے ٹریک کو نقصان پہنچا، جبکہ متاثرہ بوگیوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

یہ واقعہ حالیہ دنوں میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے سلسلہ وار حملوں کا تسلسل ہے۔ اس سے قبل 7 اگست کو سبی ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹریک پر دھماکا ہوا تھا، مگر خوش قسمتی سے ٹرین گزر چکی تھی اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔

اسی طرح 4 اگست کو بھی کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو کولپور کے قریب نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، اس دوران پائلٹ انجن کو پانچ گولیاں لگیں، تاہم عملہ محفوظ رہا۔ اس حملے کی ذمہ داری بھارت کی حمایت یافتہ علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔

جعفر ایکسپریس ماضی میں بھی متعدد بار دہشتگردی کا نشانہ بن چکی ہے۔ مارچ میں اس ٹرین پر حملے میں 26 مسافر شہید ہوئے تھے جن میں اکثریت سیکیورٹی اہلکاروں کی تھی، جبکہ جولائی 2025 میں جیکب آباد میں دھماکے سے چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں مگر تمام مسافر محفوظ رہے۔

Similar Posts