گپ شپ کا لفظ عموماً منفی یا غیر سنجیدہ باتوں سے جوڑا جاتا ہے، جیسے کہ کسی کی ذاتی زندگی پر تبصرے کرنا یا بے مقصد باتیں کرنا۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ یہی گپ شپ آپ کے رومانوی رشتے کو مضبوط کر سکتی ہے؟ جی ہاں، ایک نئی سائنسی تحقیق نے یہی حیران کن انکشاف کیا ہے۔
’جرنل آف سوشل اینڈ پرسنل ریلیشن شپس‘ میں شائع ہوئی، یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ریورسائیڈ کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق، گپ شپ صرف منفی باتوں تک محدود نہیں بلکہ یہ رومانوی رشتوں میں قربت اور اعتماد بڑھانے کا ایک ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔
تحقیق کے مرکزی محقق، چینڈلر اسپار کے مطابق، ’چاہے ہم مانیں یا نہ مانیں، گپ شپ ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہے۔‘
چند باتیں جو شادی سے پہلے لڑکے لڑکیوں کو کوئی نہیں بتاتا
تحقیق میں 76 افراد نے حصہ لیا جنہیں ایک خاص قسم کا آلہ پہنایا گیا جسے ’الیکٹرونیکلی ایکٹیویٹڈ ریکارڈر‘ (EAR) کہا جاتا ہے۔ یہ آلہ شرکاء کی روزمرہ گفتگو کا تقریباً 14 فیصد حصہ ریکارڈ کرتا رہا۔
نتائج سے پتا چلا کہ لوگ روزانہ تقریباً ’38 منٹ گپ شپ کرتے ہیں‘، جن میں سے 29 منٹ وہ اپنے رومانوی ساتھی کے ساتھ گپ شپ میں گزارتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ خواتین کی خواتین کے ساتھ گپ شپ کی شرح سب سے زیادہ دیکھی گئی۔
گپ شپ صرف باتیں نہیں، تعلقات کا آئینہ بھی ہے
تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ، ’اگر کوئی جوڑا کسی پارٹی سے واپسی پر مل کر منفی گپ شپ کرتا ہے تو یہ اس بات کا اشارہ ہو سکتا ہے کہ ان کا آپس میں تعلق پارٹی میں موجود دوستوں سے زیادہ مضبوط ہے۔ اور اگر وہ مثبت گپ شپ کرتے ہیں، تو یہ اس خوشی کو بڑھانے کا ذریعہ بن سکتی ہے جو انہوں نے تقریب میں محسوس کی۔
یہ ’ساتھ گپ شپ کرنا‘ دراصل ایک طرح کا ’ہم ایک ٹیم ہیں‘ کا احساس پیدا کرتا ہے، جو کہ تعلقات کی مضبوطی، اعتماد اور خوشی میں اضافہ کرتا ہے۔
کیا بیوی بغیر اجازت شوہر کے بٹوے سے پیسے نکال سکتی ہے؟
یہ گپ شپ صرف مزے کی باتیں کرنے کے لیے نہیں، بلکہ یہ اس بات کو سمجھنے اور طے کرنے میں بھی مدد دیتی ہے کہ ایک اچھے تعلق کی حدود، رویے اور توقعات کیا ہونی چاہئیں۔ گویا گپ شپ ایک ’سماجی رہنمائی‘ کا آلہ بھی ہو سکتی ہے۔
ہم سب کبھی نہ کبھی گپ شپ کرتے ہیں، اور اب سائنسی تحقیق ہمیں یہ بتا رہی ہے کہ اگر یہ گپ شپ ہم اپنے شریکِ حیات کے ساتھ کریں، مثبت انداز میں، تو یہ ہمارے رشتے کو مزید گہرا اور خوشگوار بنا سکتی ہے۔ گویا یہ محض وقت گزاری نہیں، بلکہ شاید آپ کی محبت کی نئی زبان ہو۔
–