کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے بہن، بھائی کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر پولیس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کے فیڈرل بی ایریا پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کا واقعے کے معاملے پر ٹریفک پولیس کے اینالائز یونٹ “ کے راٹ “ نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل سلپ ہوئی تھی۔

ٹریفک پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، موٹر سائیکل سلپ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں بہن بھائی سڑک پر گر گئے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر موٹر سائیکل نے ساتھ چلنے والی گاڑی سے ہلکی سی ٹکرائی تھی، جس کے بعد ان کا توازن برقرار نہ رہ سکا اور وہ گر گئے۔

کراچی ڈمپر حادثہ: ’ہم بچی کا جہیز جمع کر رہے تھے، اور آج اس کے کفن کا بندوبست کر رہے ہیں‘

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثے کے وقت ہلکی بوندا باندی ہو رہی تھی جس کی وجہ سے سڑک گیلی تھی، اور ڈمپر پیچھے سے آ کر بہن بھائیوں کو کچلتے ہوئے گزر گیا۔ ڈمپر خالی تھا اور تیز رفتاری سے فاسٹ ٹریک پر جا رہا تھا۔

”کے راٹ“ یونٹ کے تحت مزید فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں، تاکہ ساتھ والی گاڑی کا نمبرمعلوم کیا جا سکے اور تفصیلی رپورٹ تیار کی جا سکے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق، اس افسوسناک حادثے میں بہن بھائیوں کی موت کی وجہ سڑک پر پھسلن اور ڈمپر کی تیز رفتاری بنی۔ مزید تحقیقات کے بعد مکمل تفصیلات منظر عام پر آئیں گی۔

کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق، والد زخمی، مشتعل شہریوں نے 7 ڈمپرز جلا دیے

یاد رہے کہ فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر لکی ون مال کے قریب گزشتہ رات گئے خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جب ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار بہن بھائی جاں بحق جبکہ ان کے والد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم راستے میں 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ علی رضا دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے بہن بھائی کے والد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

Similar Posts