ممکنہ امریکی سرمایہ کاری کی خبریں، اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ بن گیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے روز بھی تیزی کا سلسلہ جاری رہا، ہنڈریڈ انڈیکس نے کاروبار کے ابتدائی اوقات میں ایک ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا۔ جو کہ ممکنہ امریکی سرمایہ کاری کی خبروں کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے۔

منگل کی صبح 11 بج کر 5 منٹ پر ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 47 ہزار 930 اعشاریہ 31 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا، جو ایک ہزار اعشاریہ 47 پوائنٹس یا 0.68 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق، ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط کارپوریٹ منافع اور امریکا کی جانب سے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں متوقع سرمایہ کاری کی خبروں سے بڑھا ہے۔

امریکا سے واپسی پر غیر رسمی گفتگو میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ جلد ہی امریکا سے مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری سے متعلق حوصلہ افزا خبریں ملیں گی۔

انہوں نے امریکا کے ساتھ تجارتی مذاکرات کو ملک کے لیے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور اس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

دوران کاروبار آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔ ماڑی پٹرولیم، پی او ایل، پی ایس او، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل، ایچ بی ایل، ایم سی بی، میزان بینک اور یو بی ایل جیسے بڑے اسٹاکس مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔

خیال رہے کہ پیر کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا راج رہا اور ہنڈریڈ انڈیکس 1 ہزار 547 اعشاریہ 05 پوائنٹس یا 1.06 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 46 ہزار 929 اعشاریہ 84 پوائنٹس پر بند ہوا۔

Similar Posts