مقبوضہ کشمیر میں کل پاکستان کا یوم آزادی بھرپور انداز میں منانے کااعلان

0 minutes, 0 seconds Read

مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام نے 14 اگست کو پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی کال دی ہے، جب کہ مقبوضہ کشمیر میں پندرہ اگست کو ہڑتال ہوگی۔

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے 14 اگست کو پاکستان کے یوم آزادی کو کشمیریوں کے لیے یوم تشکر اور خوشی کا دن قرار دیتے ہوئے 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے ایک بڑے حصے پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے، اور کشمیریوں کے حقوق کو غصب کیا ہے۔

مقبوضہ کشمير : عوام نے پاکستان کا جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا

غلام احمد گلزار نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کو اپنا محسن اور سفیر سمجھتے ہیں، اور بھارت کو ظالم و جابر تسلیم کرتے ہیں جس نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت چھین لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری پاکستان کے استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا گو ہیں کیونکہ ایک مضبوط اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کے بہترین مفاد میں ہے۔

غلام احمد گلزار نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کریں اور آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا کے مختلف حصوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ اس نے کشمیریوں کے تمام سیاسی، سماجی، معاشی، ثقافتی اور مذہبی حقوق غصب کر رکھے ہیں۔

یوم سیاہ پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس نے 14 اگست کو پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دی۔ حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ اور برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد کے نتیجے میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کے عوام کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے اور پاکستان نہ صرف تنازعہ کشمیر کا اہم فریق ہے بلکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا بڑا حامی اور وکیل بھی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے منصفانہ کاز کی حمایت کی ہے اور وہ کشمیریوں کی جدوجہد کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے۔

Similar Posts