روبی انعم کے بشریٰ انصاری پر تابڑ توڑ حملے, وی لاگ اور میک اپ پر سخت تبصرہ

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان اسٹیج آرٹسٹ روبی انعم نے بُشریٰ انصاری پر سخت الفاط میں تنقید کی ہے۔

روبی انعم، جو کہ ایک معروف پاکستانی اسٹیج آرٹسٹ، اداکارہ اور کامیڈین ہیں، نے اپنی طویل اور کامیاب کیریئر کے دوران کئی یادگار پرفارمنسز دیں۔ وہ تقریباً تیس سالوں سے میڈیا انڈسٹری کا حصہ ہیں اور کئی مشہور پی ٹی وی اداکاروں کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔

ان کے مشہور پراجیکٹس میں گستاخیاں، خبرناک، گگُو کیفے اور چل میرا پُٹ 2 اور 3 شامل ہیں۔ اس وقت، روبی انعم دل کی بیماری کی وجہ سے ٹیلی ویژن پر شاذو نادر نظر آتی ہیں، لیکن انٹرویوز اور کبھی کبھار کامیڈی شوز میں اپنی جھلک دکھا دیتی ہیں۔

حال ہی میں، روبی انعم ایک پوڈکاسٹ پر آئیں، جہاں انہوں نے ایک متنازعہ بیان دیا۔ اس پورے انٹرویو میں روبی انعم نے اپنی باتوں کو کھل کر بیان کیا اور اپنے خیالات کو بغیر کسی روک ٹوک کے سامنے رکھا۔

انہوں نے سینئر پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کیے اورکہا کہ وہ مسلسل اپنے سفر کی تفصیلات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی ہیں، جو انہیں مناسب نہیں لگتا ہے۔

روبی انعم نے کہا، بشریٰ انصاری میری پسندیدہ اداکارہ ہیں ، مجھے ان کا کام بہت پسند ہے لیکن اب انہیں آرام کرنا چاہیے۔ وہ ایسی عمر کو پہنچ چکی ہیں کہ ان سے یہ توقع نہیں کی جانی چاہیے کہ وہ مسلسل وی لاگ بناتی رہیں اور سامان پیک کرتے ہوئے کہیں، ’میں باہر جا رہی ہوں‘۔ بس کرو! تم اب کافی بڑی ہو چکی ہو، تم ہماری ماؤں سے بھی بڑی ہو۔

انہوں نے اسما عباس پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسماعباس ایک بہت بڑی شخصیت ہیں۔ وہ مجھے بہت عزت دیتی ہیں اور پروٹوکول دیتی ہیں میں ان کے سامنے یہ نہیں کہہ سکتی، مگرآپ خواتین کوبھی یہ سوچنا چاہیے یہ سب کیوں کرنا پڑ رہا ہے؟ ایسا کیا ہے جو تمہیں اتنے زیادہ اور غیر ضروری کام کرنے سے نہیں روکتا؟

انہوں نے طنزیہ سوال کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ہر لباس کے ساتھ ایک جوڑی جوتوں کا ہونا ضروری کیوں ہے؟ اتنا زیادہ میک اپ تھوپنا آپ کے چہرے پر بالکل مناسب نہیں لگتا؟ مجھے یہ سمجھ میں نہیں آتا۔ ان کے چہرے اتنے خوبصورت بھی نہیں ہیں۔

روبی انعم کی یہ باتیں سوشل میڈیا پر کافی زیرِ بحث آئی ہیں اور ان کے بیان پر مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔ کچھ لوگوں نے ان کی باتوں کو حقیقت پسندانہ قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے بے جا تنقید سمجھا۔

Similar Posts