بچوں کی صحت مند جلد کے لیے خوراک کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ بلوغت کے دور میں بچوں کو ہارمونی تبدیلیوں اور جسمانی نشوونما کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اگر اس دوران ان کی جلد کی حفاظتی پرت کمزور ہو جائے تو مسائل میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف سپلیمنٹس یا فیشلز پر انحصار کرنے کی بجائے، بچوں کی خوراک بھی جلد کی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اسی لیے ان کی خوراک میں شامل غذائیں جلد کو مضبوط بنانے اور اسے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
وہ 7عادتیں جو بچے سیکھ لیں تو والدین کی بڑی پریشانیاں دور ہوسکتی ہیں
انڈین ایکسپریس کے مطابق کنسلٹنٹ ڈرماٹولوجسٹ اور ڈرماٹو سرجن ڈاکٹررنکی کپور کا کہنا ہے کہ مناسب غذا جسم میں کولیجن کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے درکارتمام وٹامنز، منرلز، اینٹی آکسیڈنٹس اور پروٹینز فراہم کرتی ہے۔ کولیجن جلد کی طاقت کو بڑھاتا ہے اور سیل میمبرینز کو مضبوط کرتا ہے، ساتھ ہی یووی شعاعوں اور ماحول میں موجود آلودگیوں جیسے نقصان دہ عوامل سے بھی جلد کا تحفظ کرتا ہے۔
ان کے مطابق، وٹامن اے اور ای سے بھرپورغذائیں مدافعتی نظام کو بہتر بناتی ہیں اور جلدی خلیوں کی مرمت کرتی ہیں۔ سنگترہ، لیموں، آملہ اور گریپ فروٹ جیسے پھل اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو جلد کو سورج کی مضررساں شعاعوں سے بچاتے ہیں۔ گاجر میں موجود بیٹا کیروٹین جلد کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے اور ٹماٹر میں لیکوپین ہوتا ہے جو یووی نقصان سے جلد کی حفاظت کرتا ہے۔
بچوں کو کامیاب اور قابل بنانے کا راز والدین کی تربیت میں پوشیدہ ہے
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ یہ پانچ غذائیں بچوں کی خوراک میں شامل کریں تاکہ ان کی جلد صحت مند اور چمکدار رہے۔
پتے دار سبزیاں
پالک اور دیگر سبز پتوں والی سبزیاں صرف سلاد کے لیے نہیں بلکہ یہ وٹامن سی اور ای جیسے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو یووی شعاعوں اور ماحولیاتی آلودگی سے جلد کو بچاتی ہیں۔ یہ سبزیاں جلد کو ہائیڈریٹ رکھنے میں بھی مددگار ہیں کیونکہ ان میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
چربی والی مچھلی
مچھلی میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈ جلد کی سوجن کو کم کرتے ہیں اور جلد کی صحت بہتر بناتے ہیں۔
بیریز
بلو بیری، اسٹرابیری اور رسبیری جیسے پھل کم شکر اور زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس رکھتے ہیں، جو جلد کی حفاظت کرتے ہیں۔ یہ وٹامن اے، سی اور ای سے بھرپور ہوتے ہیں جو جلد کو روشن اور صحت مند بناتے ہیں۔
خشک میوہ جات اور بیج
بادام، اخروٹ، کشمش اور دیگر خشک میوہ جات میں ضروری فیٹی ایسڈز اور مائیکرونیوٹرینٹس ہوتے ہیں جو جلد کو نمی فراہم کرتے ہیں اور لچکدار بناتے ہیں۔
دہی
دہی اور دیگر فرمنٹڈ غذائیں پروبائیوٹکس کا ذریعہ ہیں جو جلد کی سوزش کو کم کرتے ہیں اور جلد کی نمی اور چمک کو بڑھاتے ہیں۔ پروبائیوٹکس ہاضمے کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جلد کی مجموعی صحت میں بھی مدد دیتے ہیں۔
ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ کیویز اور سنگترے وٹامن سی کے بہترین ذرائع ہیں جو جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہیں۔ وٹامن سی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو روزمرہ کی جلدی تناؤ سے حفاظت کرتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز زیادہ پانی پینے پر بھی زور دیتے ہیں، کیونکہ پانی جلد کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔
یاد رکھیں جلد کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے متوازن خوراک کے ساتھ روزانہ مناسب پانی پینا اور اچھی دیکھ بھال بہت ضروری ہے۔ کسی بھی نئی غذائی عادت یا سپلیمنٹ کا استعمال شروع کرنے سے پہلے ہمیشہ اپنے ڈاکٹر یا ماہر صحت سے مشورہ کرنا چاہیے۔