آسٹریلیا کا ایران پر یہودی مخالف حملوں میں ملوث ہونے کا الزام، ایرانی سفیر کی ملک بدری کا حکم

0 minutes, 0 seconds Read

آسٹریلوی وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے آسٹریلیا میں یہودی مخالف حملوں کی منصوبہ بندی کی۔

رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی وزیرِاعظم نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا نے ایران کے سفیر احمد صادقی کو ملک بدر کر دیا ہے۔

البانیز کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس سے واضح ہے کہ ایران ان واقعات کے پیچھے تھا۔ سڈنی اور میلبورن میں حملوں کے بعد آسٹریلوی حکومت نے یہ سخت اقدام اٹھایا ہے۔

ایک حملہ سڈنی کے ایک ریستوران پر اور دوسرا میلبورن کی ایک مسجد پر کیا گیا۔

آسٹریلوی دارالحکومت میں منگل کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انتھونی البانیز نے ان حملوں کو سماجی ہم آہنگی کو کمزور کرنے اور آسٹریلیا میں اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں قرار دیا۔ انہوں نے کہا، یہ بالکل ناقابل قبول ہے، اور آسٹریلیوی حکومت اس کے خلاف سخت اور فیصلہ کن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ ایران کے سفیر احمد صادقی اور ان کے 3 ساتھیوں کو پرسونا نون گریٹا قرار دے دیا گیا ہے اور انہیں سات دن کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی بار ہے جب آسٹریلیا نے کسی سفیر کو بے دخل کیا ہے۔ ساتھ ہی آسٹریلیا نے تہران میں اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔

Similar Posts