پولینڈ: ایئر شو کی مشق کے دوران ایف-16 جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read

پولینڈ میں جمعرات کو ریڈوم ایئر شو کی مشق کے دوران ایک ایف-16 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا جس کی حکام نے تصدیق کی ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 30 منٹ کے قریب پیش آیا، جب طیارہ بے قابو ہوکر رن وے پر گر کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔

مقامی میڈیا اور حادثے کے مقام سے ملنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ طیارہ تیزی کے ساتھ نیچے آیا اور زمین سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہوگیا جس کے بعد سیاہ دھوئیں کے بادل ہر طرف پھیل گئے۔

حادثے کے مقام پر ائیر شو دیکھنے آئے لوگوں نے بھی یہ منظر دیکھا اور افسوس کا اظہار کیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے باعث رن وے کو نقصان پہنچا، جس کے بعد ایئر شو کے منتظمین نے 30 اور 31 اگست کو ہونے والے ریڈوم ایئر شو کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

پولینڈ کی افواج کے جنرل کمانڈ نے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ طیارہ پوزنان کے قریب 31ویں ٹیکٹیکل ایئر بیس سے تھا۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی راہ گیر زخمی نہیں ہوا۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ حادثے کے مقام پر فوری طور پر ریسکیو آپریشنز شروع کر دیے گئے تھے۔

پولینڈ کے وزیر دفاع وادیسواف کوسینییک نے حادثے کی جگہ کا دورہ کیا اور حادثے کا شکار پائلٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ پولینڈ کے وزیرِ اعظم ڈونالڈ ٹسک نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

Similar Posts