پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا لانگ مارچ مؤخر کرنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں جمعے کے روز پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی اگلی حتمی تاریخ پر کوئی اتفاق رائے سامنے نہیں آیا ہے۔

اجلاس کے دوران یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے آئندہ کوئی حتمی تاریخ دینے کے بجائے حکومت کو پریشان رکھنے کے لیے مختلف تاریخیں دیتی رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر ارکان نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ لانگ مارچ مؤخر کر کے اکتوبر کے آغاز میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔

اس سے قبل پشاور میں ہونے والے ایک اور اہم اجلاس میں لانگ مارچ کے معاملے پر تفصیلی مشاورت کی گئی، جبکہ اسلام آباد میں موجود تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان باہمی رابطے مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

دوسری جانب 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے بھی انتظامی اور سیاسی اقدامات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزرا کی اہم بیٹھک ہوئی، جس میں لانگ مارچ کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کی، جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں لانگ مارچ کے تناظر میں پنجاب حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ سروس بند کرنے سے متعلق درخواست کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں انٹرنیٹ سروس فوری طور پر بند نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ حکومت نے فی الحال ’انتظار کرو اور دیکھو‘ کی پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت سے بات چیت کا آپشن بھی زیر غور آیا، تاہم لانگ مارچ کے حوالے سے حتمی صورت حال وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے آج کے اعلان کے بعد واضح ہوگی۔

اُدھر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ انہیں لگتا ہے پی ٹی آئی آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے تحریک انصاف کی کوئی تیاری نہیں ہے اور پی ٹی آئی کے لوگ راہِ فرار اختیار کر رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے لوگ خود گرفتاریاں دے رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی لانگ مارچ کے حوالے سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس سے متعلق بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صوبے میں پولیس کی تنخواہ سب سے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پولیس کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتی ہے، تاہم وہ اس اقدام کے سامنے دیوار بنیں گے۔

Related posts