کراچی: کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق، ملزم نے افطاری کے وقت گانے چلا رکھے تھے، عینی شاہدین

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کے علاقے میں کارساز روڈ پر کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے کا ذمہ دار کار سوار فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں مین کارساز روڈ پر تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق، حادثے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہوگیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق میاں بیوی کی شناخت آیاز اور اقصیٰ کے نام سے ہوئی ہے، میاں بیوی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے جو ملازمت سے واپس آرہے تھے۔

لواحقین کے مطابق جاں بحق خاتون نارتھ کراچی کے اسکول میں ٹیچر تھی، جاں بحق ایاز فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔

مشتعل عوام نے کار سوار کو پکڑ لیا، ملزم کو لے جانے والی پولیس موبائل کو بھی عوام نے گھیرلیا، پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی، ملزم اور کار کو تحویل میں لے لیا۔

عینی شاہدین کے بیان بھی آج نیوز نے حاصل کرلیے، جن کے مطابق کار کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زائد تھی، ملزم نے افطاری کے وقت گانے چلا رکھے تھے، مرنے والے میاں بیوی افطاری کر رہے تھے کار سوار نے ٹھوکر ماری، ہم اس حادثے میں بال بال بچے، تیز رفتار گاڑی نے ہمارے آگے والے میاں بیوی کو روند ڈالا۔

Similar Posts