نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے اسلام آباد اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں کے لیے اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔ آئندہ 2 سے 6 گھنٹے کے دوران شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور قریبی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جو گرج چمک، آسمانی بجلی اور طوفانی بارشوں کے ساتھ ہو سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت سے بننے والا طاقتور بادلوں کا سسٹم لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بھی بن سکتا ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں کمزور انفرااسٹرکچر اور بجلی کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کمزور عمارتوں، درختوں اور کھلے مقامات سے دور رہیں، گاڑیاں محفوظ جگہوں پر پارک کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ادارے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔