چیمپئنز ٹرافی کی فائنل اختتامی تقریب میں پاکستان مکمل نظر انداز، شعیب اختر بھی حیران

0 minutes, 0 seconds Read

میزبان پاکستان لیکن چیمپئنز ٹرافی کی فائنل اختتامی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا نمائندہ غائب رہا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تقریب تقسیم انعامات میں میزبان پاکستان کو نظر انداز کردیا گیا، جس پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر بھی حیران رہ گئے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مصروفیات کے باعث فائنل میں نہیں جاسکے لیکن بورڈ کے سی او او سمیر احمد سید دبئی اسٹیڈیم میں موجود تھے لیکن انہیں تقریب تقسیم انعامات میں مدعو نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی حکام ہی تقسیمِ انعامات تقریب کے مہمانوں کا انتخاب کرتے ہیں، ماضی میں آئی سی سی انعامات تقریب میں ہمیشہ میزبان ملک کے نمائندے موجود رہے۔

اس معاملے پر سابق فاسٹ بالر شعیب اختر بھی حیران رہ گئے اور کہا کہ عجیب چیز دیکھی کہ تقریب میں کوئی پی سی بی آفیشل نظرنہیں آیا، یہ دنیا کا بڑا اسٹیج تھا وہاں کسی نمائندے کو ہونا چاہیئے تھا۔

فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست، بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

چیمپئنز ٹرافی کیلئے سب سے زیادہ سفر کس ٹیم نے کیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹرافی اپنے نام کرلی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کے 251 رنز کے تعاقب میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے اپنے روایتی انداز میں بیٹنگ کی اور تیز کھیلتےہوئے نصف سنچری مکمل کی، پہلی وکٹ کی شراکت میں شبمن گل کے ساتھ انہوں نے 105 کا مجموعہ کھڑا کیا۔

مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی چیمپیئنزٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف مکمل طور پر ناکام ہوئے اور محض دو گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ایک رن بنا کر بریسویل کو وکٹ دے گئے تھے۔

Similar Posts