ریکوڈک منصوبے کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ریکوڈک کے حتمی معاہدوں اور مالی وعدوں کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزراء علی پرویز ملک، رانا تنویر حسین، قیصر احمد شیخ متعلقہ وزارتوں اور ریگولیٹری اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے معاہدوں کی سمری ای سی سی اجلاس میں پیش کی گئی، حتمی دستاویز میں بڑی تبدیلی کی صورت میں دوبارہ ای سی سی سے منظوری لازمی ہوگی۔
وزارت ریلوے اور ریکوڈک کی مائننگ کمپنی کے درمیان ریل ڈیولپمنٹ معاہدہ منظور کیا گیا، 390 ملین ڈالر کی برج فنانسنگ سے 1350 کلو میٹر طویل ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس اعلامیہ کے مطابق ریکو ڈک کی معدنیات بلوچستان سے برآمد کرنے کے لیے ریل منصوبہ اہم قرار دیا گیا ہے۔
وزارت ریلوے کو معاہدوں کی دستاویزات وزارت خزانہ سے شیئر اور وزارت خزانہ اور ریلوے کو آئندہ سال مارچ تک ای سی سی کو منصوبے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی معاشی تصویر بدل دے گا، منصوبہ روزگار کے مواقع اور انفرا اسٹرکچر میں ترقی لائے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ریکوڈک سے خطے میں طویل المدتی سماجی و معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔