امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ سے وطن واپس روانہ ہو گئے۔
وطن واپسی پر خصوصی طیارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر لندن کے میئر صادق خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے برطانوی حکام سے درخواست کی تھی کہ میئر لندن کو شاہی ضیافت میں مدعو نہ کیا جائے کیونکہ وہ صادق خان کو ایک عرصے سے ناپسند کرتے ہیں اور نہیں چاہتے تھے کہ وہ ونزر کیسل میں ہونے والی تقریب میں شریک ہوں۔
امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ صادق خان اس ضیافت میں شریک ہونا چاہتے تھے لیکن ان کی درخواست پر انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔
انہوں نے صادق خان کو دنیا کے ’بدترین میئرز‘ میں سے ایک قرار دیتے ہوئے لندن میں بڑھتے جرائم اور امیگریشن پالیسیوں کی خرابی کا ذمہ دار بھی انہیں ٹھیرایا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ لندن میں جرائم کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور امیگریشن کے حوالے سے صادق خان ایک آفت ثابت ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے ونزر کیسل میں خصوصی عشائیہ دیا گیا تھا، جس میں شاہی خاندان، برطانوی سیاستدانوں اور معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اس دورے کے دوران امریکہ اور برطانیہ کے درمیان ٹیکنالوجی شراکت داری کے ایک اہم معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔