پاک بھارت ہینڈ شیک تنازع: پی سی بی حکام قوانین سے لاعلم؟ رمیز راجا اور نجم سیٹھی کے اہم انکشافات

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے جڑے ہینڈ شیک تنازع پر بڑی اندرونی کہانیاں سامنے آگئی ہیں۔ سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے انکشاف کیا ہے کہ ہاتھ ملانا قوانین کا حصہ ہی نہیں، یہ محض اخلاقی طور پر کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ اینڈی پائی کرافٹ نہیں بلکہ بھارتی کپتان سوریا کمار کا پریس کانفرنس میں دیا گیا سیاسی بیان تھا، جس پر ایکشن لینا چاہیے تھا۔

رمیز راجا نے بتایا کہ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مشورہ دیا تھا کہ ہوش سے فیصلہ کریں اور غیر ضروری تنازعے میں نہ الجھیں۔ ان کے مطابق آئی سی سی میں بھارتی کپتان کی شکایت درج کرائی جائے تو زیادہ مؤثر ردعمل سامنے آئے گا۔

ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان پر پروٹوکول کی خلاف ورزی کا نیا شوشہ چھوڑ دیا

دوسری جانب سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پروگرام میں تہلکہ خیز انکشاف کیا کہ محسن نقوی ایشیا کپ کے بائیکاٹ پر بضد تھے لیکن ہم نے انہیں اس فیصلے سے باز رکھا۔ نجم سیٹھی کے مطابق اس وقت پاکستان کرکٹ ایک بڑے بحران کے دہانے پر کھڑی تھی۔ اگر بائیکاٹ کیا جاتا تو پاکستان کو پندرہ سے سولہ ملین ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا اور پی ایس ایل پر بھی پابندیوں کے بادل منڈلا سکتے تھے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ انہوں نے دوستوں کی مخالفت کے باوجود محسن نقوی سے ملاقات کی اور مشورہ دیا کہ پاکستان کو پیچھے ہٹنے کے بجائے اپنے حقوق کے لیے ڈٹ کر لڑنا چاہیے۔

رمیز راجا اور نجم سیٹھی کی مداخلت کے بعد پی سی بی حرکت میں آیا اور ایشیا کپ کے بائیکاٹ کا فیصلہ ترک کردیا۔ اس کے بعد پاکستان نے ٹورنامنٹ میں شرکت جاری رکھی اور ساتھ ہی یہ طے کیا کہ بھارتی کپتان سوریا کمار کے سیاسی بیان پر آئی سی سی میں باضابطہ شکایت درج کرائی جائے گی۔

ہینڈ شیک اور میچ ریفری تنازع کیا تھا؟

پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع پر شیک ہینڈ نہیں ہو گا، اینڈی پائی کرافٹ نےاس سے قبل پاکستان میڈیا منیجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔

میچ کے اختتام پر منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر اینڈریو رسل نے کہا تھا کہ ہمیں بھارتی بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور پھر کہا یہ اصل میں بھارتی حکومت کی ہدایات ہیں۔

بھارت کی ایک اور گھٹیا حرکت: ایشیا کپ جیتنے پر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

اسی معاملے پر پی سی بی نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی اور اسپرٹ آف دی گیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

بعدازاں پاکستان نے اینڈی پائی کرافٹ کی نگرانی میں کرائے جانے والے میچ میں کھیلنے سے انکار کیا تھا اور مطالبہ تسلیم نہ ہونے کی صورت میں بائیکاٹ کے مؤقف پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم گزشتہ روز اینڈی پائی کرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعے کو مس کمیونیکیشن کا نتیجہ قرار دے کر بورڈ سے معافی مانگ لی تھی۔

Similar Posts