ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا ہائی وولٹیج ٹاکرا: پاکستان کی بھارت کے خلاف 21 رنز پر پہلی وکٹ گرگئی

**ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں پاکستان کی بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

قومی ٹیم نے 4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 36 رنز بنالیے ہیں۔ پاکستان کو پہلا نقصان 21 رنز پر اٹھانا پڑا، اوپنر بلے باز فخر زمان 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر ہاردیک پانڈیا کا شکار بنے۔

اس وقت صاحبزادہ فرحان 15 اور صائم ایوب 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اتوار کو ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایک بار پھر مدمقابل ہیں، جہاں میچ کا ٹاس بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کماریادیو نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جسپریت بمرا اور ورن چکروتی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، دوسری اننگز میں او س پڑنے کا امکان ہے، پچ دیکھنے میں بیٹنگ کے لئے بہت اچھی لگ رہی ہے۔

کپتان قومی ٹیم سلمان آغا نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی بولنگ کرنا پسند کرتے، آج کا میچ نیا ہے اور نیا چیلنج ہے، ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ساتھ حسین طلعت کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ حسن نواز اور خوشدل شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

قومی ٹیم صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، حسین طلعت، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، محمد نواز، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارتی ٹیم میں ابھیشیک شرما، شبمن گل، سوریا کمار یادیو (کپتان)، تلک ورما، سنجو سمسن، ہاردک پانڈیا، شیوم ڈوبے، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، ورون چکرورتھی اور جسپرت بمراہ شامل ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے کپتان نے پھر ہاتھ نہ ملایا

پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان نے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا، وہ ٹاس کے بعد سیدھا گفتگو کرنے کی طرف بڑھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گروپ مرحلے کے میچ میں بھی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہیں ملایا تھا، پھر بعد ازاں میچ کے اختتام پر بھی بھارتی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

اس کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بتا دیا تھا کہ کپتانوں کے درمیان مصافحہ نہیں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر سخت ایکشن لیا اور آئی سی سی سے رابطہ کرکے کہاکہ اگر اس معاملے کو حل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ سے دستبردار ہو جائےگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس احتجاج پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے معذرت کرلی تھی تاہم آج ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہی ہیں۔

یاد رہے کہ ہینڈ شیک کا تنازع اور میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے سیاسی بیان کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ ماحول مزید خراب ہوچکا ہے۔

اہم میچ سے پہلے بیٹنگ لائن کا عدم تسلسل شاہینوں کے لیے بڑا چیلنج ہے، صائم ایوب، حسن نواز اور کپتان سلمان آغا کی فارم سوالیہ نشان ہے جب کہ بھارت کی ان فارم بیٹنگ لائن سے مقابلہ بولرز کے لیے بڑی آزمائش ہوگی۔

شاہین میچ جیت کر گروپ اسٹیج میں ناکامی کا حساب چُکانے کے لیے پُرعزم ہیں جب کہ فینز بھی سنڈے کو فن ڈے بنانے کے لیے بے قرار ہیں۔

خیال رہے کہ گروپ اسٹیج میں بھارتی ٹیم ناقابل شکست رہی جب کہ پاکستان ٹیم نے 2 میچز میں فتح اپنے نام کی اور اسے ایک مقابلے میں بھارت سے 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Similar Posts