’سب نمائشی ہے‘۔۔۔ مغربی ممالک کے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان نیتن یاہو اور امریکا نے مسترد کردیا

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کبھی قائم نہیں ہوگی اور مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کے اقدامات بدستور جاری رہیں گے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے بھی مغربی ممالک کی جانب سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کردیا۔

خیال رہے کہ عالمی سطح پر فلسطین کو تسلیم کرنے کا سلسلہ تیز ہوگیا۔ گزشتہ روز برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال نے فلسطین کو باقاعدہ ریاست تسلیم کرلیا ہے، جب کہ فرانس آج اعلان کرے گا۔

فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کیا جانا ایک اہم قدم ہے، حماس کا ردعمل

اس موقع پر برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین دونوں کا حق ہے کہ امن اور سلامتی کے ساتھ رہیں، برطانیہ چاہتا ہے کہ دو ریاستی حل کے ذریعے خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔

کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا پُرامن مستقبل کی ضمانت ہے۔

آسٹریلوی حکومت کے مطابق فلسطین کو تسلیم کرنا دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی کوششوں کا حصہ ہے، جب کہ پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رینگل نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن صرف دو ریاستی حل سے ممکن ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے ان اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فوری ضرورت غزہ میں سیز فائر اور انسانی امداد کی فراہمی ہے۔ حماس نے بھی فیصلے کو ”اہم قدم“ قرار دیا اور کہا کہ فلسطینی ریاست کا دارالحکومت صرف القدس ہونا چاہیے۔

دوسری جانب امریکا نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اقدام کو ”نمائشی“ قرار دیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ خطے میں امن صرف اس صورت ممکن ہے جب حماس کو ختم کیا جائے، ہماری ترجیحات اسرائیل کی سیکیورٹی اور یرغمالیوں کی رہائی ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری، مزید 75 فلسطینی شہید

اس دوران غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جاری رہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 75 فلسطینی شہید اور 304 زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی انروا کلینک کے قریب بمباری میں چار بچوں سمیت سات فلسطینی جاں بحق ہوئے۔

جس کے بعد اب تک غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار 283 اور زخمیوں کی تعداد 166 ہزار تک جا پہنچی ہے۔ خوراک کی قلت کے باعث مزید چار افراد نے دم توڑ دیا۔

لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی

اسرائیل نے لبنان میں بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی ضلع بنت جبیل میں ڈرون حملہ کیا جس میں تین بچوں سمیت پانچ افراد شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

لبنانی وزارت صحت کے مطابق حملے میں ایک گاڑی اور موٹرسائیکل کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ متاثرہ خاندان کے پاس امریکی شہریت بھی تھی۔

لبنان کے صدر نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

Similar Posts