”ہیلو! میں سڑک پر کھڑا ہوں“: میکرون کی ٹرمپ سے مذاق بھری کال کی ویڈیو وائرل

نیو یارک میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے نکل کر اپنی گاڑی میں جا رہے تھے، مگر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی قافلے کے باعث پولیس نے سڑکیں بند کر دیں اور میکرون بیچ سڑک پر پھنس گئے۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میکرون اپنی گاڑی سے اترے اور پولیس اہلکار سے بحث کرنے لگے کہ انہیں آگے جانے دیا جائے، لیکن اہلکار نے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ راستہ صرف امریکی صدر کے قافلے کے لیے بند ہے۔

اس پر میکرون نے مذاقاً فون اٹھایا اور ٹرمپ کو کال کر دی اور ہنستے ہوئے کہا ”ہیلو، میں سڑک پر کھڑا ہوں کیونکہ سب کچھ آپ کے لیے رکا ہوا ہے، اب ذرا راستہ کھلوا دیں!“۔


AAJ News Whatsapp

مزید گفتگو میں میکرون نے خواہش ظاہر کی کہ وہ قطر اور امریکا کے ساتھ مل بیٹھ کر غزہ کی صورتِ حال پر مختصر بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔

فرانسیسی صدر کچھ دیر نیویارک کی مصروف سڑکوں پر پیدل چلتے دکھائی دیے۔ فرانسیسی سفارتخانے کی طرف جاتے ہوئے انہوں نے عام شہریوں کے ساتھ ہنستے مسکراتے ہوئے تصاویر بھی بنوائیں۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب دنیا بھر کے سربراہانِ مملکت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔ ان رہنماؤں میں پاکستان، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، جاپان، سعودی عرب، چین اور دیگر ممالک کے وزرائے اعظم و صدور شامل ہیں۔

فرانسیسی صدر میکرون نے اسی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا، انہوں نے خطاب میں کہا کہ اب مزید انتظار نہیں کیا جا سکتا، غزہ میں جاری جنگ کا کوئی جواز نہیں ہے اور دنیا امن کے موقع سے صرف چند لمحوں کے فاصلے پر ہے۔

پاکستان سمیت مسلم ممالک نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا، فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد بڑھ کر ایک سو اکیاون ہوگئی ہے۔

Similar Posts