پاکستانی شہری ‘ڈیجیٹل شناختی کارڈ’ کیسے حاصل کریں؟
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستانی شہریوں کے لیے ایک نئی اور جدید سہولت متعارف کروا دی ہے جس کی بدولت اب پلاسٹک کے شناختی کارڈ کی جگہ ’ڈیجیٹل شناختی کارڈ‘ اسمارٹ فون میں محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ نادرا نے پاکستانی شہریوں کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل آئی ڈی حاصل کرنے کا طریقہ بتا دیا ہے۔
نادرا کے مطابق شہری اپنی تصدیق شدہ پروفائل کے ذریعے ایپ میں لاگ اِن کرکے ڈیجیٹل آئی ڈی کے آپشن کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
نادرا کے فراہم کردہ بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق، اپنا ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے اپنے موبائل فون میں پاک آئی ڈی ایپ کھولیں اور اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں۔ ایپ میں کامیابی سے داخل ہونے کے بعد، اسکرین پر نظر آنے والے ڈیجیٹل آئی ڈی کے آپشن پر کلک کر کے اس کا انتخاب کریں۔
جیسے ہی آپ یہ انتخاب کریں گے، آپ کی درخواست کو آپ کے ’پہلے سے تصدیق شدہ پروفائل‘ کی بنیاد پر جانچا اور پراسیس کیا جائے گا۔ یہ سارا عمل مکمل ہونے پر آپ کا ڈیجیٹل شناختی کارڈ ایپ کے اندر موجود آئی ڈی والٹ میں آپ کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔
اس سہولت کے حوالے سے یہ بات بھی واضح کی گئی ہے کہ ڈیجیٹل آئی ڈی حاصل کرنے کے لیے آپ کی شناخت اور بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی تاکہ ڈیجیٹل شناخت درست شخص کے ساتھ منسلک رہے۔
ڈیجیٹل آئی ڈی کا بنیادی مقصد شہریوں کو شناختی دستاویز ہر وقت ساتھ رکھنے کی ضرورت کم کرنا اور مختلف خدمات کے لیے موبائل فون کے ذریعے اپنی شناخت ثابت کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس نظام کے تحت شہری اپنی ڈیجیٹل شناخت ضرورت کے وقت متعلقہ ادارے کے سامنے پیش کر سکیں گے۔
پاک آئی ڈی ایپ میں ڈیجیٹل شناخت سے متعلق سہولیات میں بھی توسیع کی جا رہی ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق ایپ کی حالیہ اپ ڈیٹس میں خاندان کے دیگر افراد، جن میں شریک حیات اور بچوں کی ڈیجیٹل آئی ڈی سے متعلق سہولت، دستاویزات کی جانچ کے لیے کیو آر کوڈ اسکیننگ اور حج و عمرہ کے لیے ویکسی نیشن سے متعلق بائیومیٹرک خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔
نادرا کے اس اقدام کا مقصد شناختی خدمات کو مزید ڈیجیٹل بنانا اور شہریوں کو روایتی دستاویزات کے بجائے محفوظ ڈیجیٹل ذرائع سے شناخت کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ تاہم کسی مخصوص بینک، تعلیمی ادارے یا سرکاری سروس میں ڈیجیٹل آئی ڈی کی قبولیت متعلقہ ادارے کے طریقہ کار اور تقاضوں کے مطابق ہوگی۔