سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل کے جلسہ میں جوتے دکھائے گئے، کل جلسے میں ان کو گالیاں دی گئیں ان پر لعنتیں بھیجی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں تو پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ یہ قیادت مخلص نہیں ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں اور باہر موج میلہ لگا رہے ہیں۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ہم تو گرفتار ہوئے، جیلوں میں گئے، یہ قیادت تو نہ کبھی گرفتار ہوئی اور نہ ہی جیلوں میں گئی۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے خود کوشش کر سکتے ہیں، باقی نہ یہ کام علی امین کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس قیادت کے بس کی بات ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عامر کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کی قیادت کیا کر رہی ہے، ہماری تو خواہش ہے بانی پی ٹی آئی اور سرگرمیوں میں حصہ لیں، ہماری تو کوئی اتنی جدوجہد نہیں ہے ہم نے صرف اپنی زندگیاں خان صاحب کے ساتھ گزاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قومی اثاثہ ہے ہم پارٹی کے فاؤنڈر ممبر ہیں افسوس ہوتا ہے کہ 28 سال بعد پارٹی کی یہ حالت ہے، جو لوگ باہر بیٹھے ہیں وہ اتنے اہل نہیں کہ پارٹی کو چلا سکیں۔