کراچی کے علاقے ملیر سکھن میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک مطلوب ملزم ہلاک ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم اس واقعے میں ملوث تھا جس میں پولیس اہلکار قیصر کو ڈاکوؤں نے شہید کر دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے چند روز قبل بھینس کالونی کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پولیس کانسٹیبل قیصر کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا، واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش تیز کر دی تھی۔
پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے میں ہلاک ملزم کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں، جنہیں فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ شہید اہلکار پر فائرنگ سے متعلق مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔