نیپال میں نئی دیوی کا انتخاب: دو سالہ بچی آریا تارا نئی کماری بن گئی

0 minutes, 0 seconds Read

’کماری‘ نیپال کی ایک مذہبی روایت ہے، جس میں ایک کم عمر لڑکی کو دیوی کا درجہ دیا جاتا ہے اور خاص رسومات کے تحت اس کی عبادت کی جاتی ہے۔

ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق آریا تارا شاکیہ نامی یہ بچی نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو سے تعلق رکھتی ہے اور اب آنے والے کئی برسوں تک مندر محل میں قیام کرے گی جہاں عقیدت مند اس کی عبادت کریں گے۔

نئی کمارِی کو اس وقت منتخب کیا گیا جب نیپال بھر میں ہندوؤں کا سب سے بڑا تہوار ’دسائیں‘ منایا جا رہا ہے۔ آریاتارا نے سابقہ کمارِی ترشنا شاکیہ کی جگہ لی ہے، جنہیں بلوغت کو پہنچنے کے بعد روایت کے مطابق عام انسان تصور کیا جاتا ہے۔


AAJ News Whatsapp

کماری کو نیوار برادری کے شاکیہ قبیلے سے چنا جاتا ہے اور اس کے لیے سخت شرائط ہوتی ہیں، جیسے کہ جلد، آنکھیں، بال اور دانت مکمل طور پر بے داغ ہوں اور بچی کو اندھیرے سے خوف نہ ہو۔ عام طور پر یہ انتخاب 2 سے 4 سال کی عمر کے درمیان کیا جاتا ہے۔

کماری کا انتخاب ایک مذہبی، سماجی اور ثقافتی روایت ہے، جسے نیپال میں ہندو اور بدھ مت دونوں برادریاں مقدس مانتی ہیں۔ انتخاب کے بعد نئی کمارِی کو خصوصی جلوس کے ذریعے مندر محل تک لے جایا گیا، جہاں اہلِ خانہ، رشتے داروں اورعقیدت مندوں نے اسے پھولوں اور نذرانوں کے ساتھ خوش آمدید کہا۔

عقیدت مندوں نے روایت کے مطابق کماری کے پاؤں کو اپنی پیشانی سے لگا کر عقیدت کا اظہار کیا، جو ہندو ثقافت میں احترام کی سب سے بڑی علامت سمجھی جاتی ہے۔ روایت کے مطابق نئی کماری جمعرات کو صدر اور دیگر اہم شخصیات کو دعائیں دیں گی۔

بچی کے والد اننت شاکیہ کا کہنا ہے، “کل تک وہ میری بیٹی تھی، آج وہ دیوی بن گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میری بیوی کو دورانِ حمل خواب آیا تھا کہ وہ بچی دیوی ہے، تب ہمیں اندازہ ہو گیا تھا کہ وہ خاص ہے۔

سابقہ کماری، ترشنا شاکیہ جو اَب 11 سال کی ہو چکی ہیں، 2017 میں اس منصب پر فائز ہوئی تھیں۔ انہیں عقیدت سے رخصت کیا گیا۔

نیپال کے مذہب میں کماری کی زندگی محدود ہوتی ہے۔ وہ مندر محل میں رہتی ہیں، چند مخصوص تہواروں پر ہی باہر نکلتی ہیں اور عام بچوں کی طرح کھیلنے کودنے یا اسکول جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ تاہم، حالیہ برسوں میں کچھ تبدیلیاں آئی ہیں اور اب کماری کو نجی اساتذہ سے تعلیم دی جاتی ہے اور وہ ٹی وی بھی دیکھ سکتی ہیں۔

نیپال حکومت سابقہ کماریوں کو ماہانہ 110 ڈالر کے قریب پنشن بھی دیتی ہے، جو ملک کی کم از کم اجرت سے کچھ زیادہ ہے۔

Similar Posts