افغان طالبان نے ایک اور امریکی شہری کو رہا کردیا، امریکی خاتون فائی ہال کو گزشتہ ماہ افغانستان میں گرفتار کیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان نے گزشتہ ماہ افغانستان میں قید ہونے والی امریکی شہری فائی ہال کو رہا کردیا ہے ان کو برطانوی جوڑے، باربی اور پیٹر رینالڈز کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے سابق امریکی سفیر زلمے خلیل زاد نے بتایا ہے کہ امریکی خاتون فائی ہال کو کابل میں قطر کے سفارت خانے کے حوالے کردیا گیا ہے جنہیں جلد ہی امریکا روانہ کردیا جائے گا۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی خاتون شہری کو جمعرات کو عدالتی حکم پر رہا کیا گیا ہے۔ خاتون کی رہائی میں قطری حکام نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ فائی ہال رواں سال فروری سے افغان طالبان کی حراست میں تھیں۔
طالبان نے بزرگ برطانوی جوڑے کو ”ہائی سیکیورٹی جیل“ منتقل کر دیا
طالبان اور امریکا کے درمیان برف پگھلنے لگی، افغان حکومت نے گرفتار امریکی شہری رہا کردیا
برطانوی میڈیا نے بتایا کہ 70 سالہ عمر کا حامل جوڑا افغانستان میں گزشتہ 18 سال سے اسکولوں کا منصوبہ چلا رہا ہے اور انہوں نے طالبان کے برسر اقتدار آنے کے بعد بھی اپنا افغانستان میں رہ کر اپنا منصوبہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اس پیش رفت کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی اور زلمے خلیل زاد نے بھی تفصیل نہیں بتائی تاہم امریکی خاتون کی رہائی سے متعلق زلمے خلیل زاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فائی ہال کی ایک تصویر جاری کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ دو عرب شخصیات کے ساتھ موجود ہیں۔
اس خبر کے حوالے سے تاحال امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔