بھارتی نے دوبارہ مہم جوئی کی تو پہلے سے تیز اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، آئی ایس پی آر

0 minutes, 0 seconds Read
پاکستان کا بھارتی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ  کی ہرزہ سرائی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان بیانات کو غیرذمہ قرار دیا اور کہا ہے کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو پاکستان بغیر کسی ہچکچاہٹ کے بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا۔

پاک فوج کے شعبہ کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے بھارتی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے گمراہ کن، اشتعال انگیز اور جنگجویانہ بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور بھارتی حکام کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو جارحیت کے لیے من گھڑت بہانے تراشنے کی نئی کوشش قرار دیا ہے۔

پاکستان نے متنبہ کیا ہے کہ بھارتی بیانات جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں، بھارت دہائیوں سے خود کو مظلوم ظاہر کر کے خطے میں دہشت گردی اور تشدد کو ہوا دیتا رہا ہے، دنیا اب بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کے اصل چہرے اور خطے کے عدم استحکام کے مرکز کے طور پر تسلیم کر چکی ہے۔

اعلامیے کے مطابق رواں سال بھارتی جارحیت نے دو ایٹمی طاقتوں کو بڑی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا، بھارت کو اپنے طیاروں کے ملبے اور پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار یاد رکھنے چاہیئں، بھارت اجتماعی بھول کا شکار ہو کر ایک اور تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے، بھارتی وزیردفاع، آرمی اور ائیرچیفس کے اشتعال انگیز بیانات خطے کو شدید خطرات سے دوچار کر سکتے ہیں، مستقبل کا تصادم خطے میں تباہ کن اور قیامت خیز نتائج لا سکتا ہے۔

’پاکستان خبردار کرتا ہے کہ اگر کوئی نیا معرکہ شروع ہوا تو پاکستان بغیر کسی ہچکچاہٹ کے بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا، جو نیا “نارمل” قائم کرنے کی بات کر رہے ہیں، جان لیں پاکستان نے اس کا بھرپور جواب تیار کر لیا ہے‘۔

اعلامیے میان کہا گیا ہے کہ اس بار پاکستان کا ردعمل تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا، مسلح افواج اور عوام میں ہر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت اور عزم موجود ہے، بھارت کے جغرافیائی تحفظ کا وہم اس بار توڑ دیا جائے گا، پاکستان دشمن کی سرزمین کے دور دراز ترین حصوں کو بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہکنا ہے کہ بھارت پاکستان کو مٹانے کی بات کررہا ہے تاہم یہ یاد رکھے کہ اگر نوبت وہاں تک پہنچی تو دونوں اطراف انجام یکساں ہوگا۔

Similar Posts