ستھرا پنجاب پروگرام کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک سال پہلے جب لندن اور امریکا جاتی تھی تو وہاں کی صفائی دیکھ کر دل میں خواہش ہوتی تھی کہ پنجاب اور پاکستان میں بھی ایسے ہی صفائی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے ملازمین نے میرے اس خواب کو سچ کر دکھایا اور اس پر میں جتنی خوش ہوں بتا نہیں سکتی، یہ صفائی کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت ختم ہوتے ہی صفائی کا نظام بھی ختم ہوگیا، گوگی پنکی کے چار سالہ دور میں تباہی آئی، ہر محلے، شاہراہ، گاؤں، سڑک میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے تھے جبکہ لاہور کی مین شاہراہوں پر انبار تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالنے کے بعد خدمت کا سلسلہ جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے دوبارہ شروع کیا اور آج صفائی سمیت ہر شعبے کی کارکردگی بہت بہتر ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کچھ لوگ پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں، مریم نواز پنجاب کی بات نہیں کریں گی تو اور کون کرے گا؟ میں ان کے دماغوں کی بھی صفائی کر رہی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں۔
اُن کا مزید کہان تھا کہ جن کے صوبوں میں ترقی نہیں ہو رہی وہ اپنی حکومتوں سے سوال کریں جیسا پنجاب صاف ہے ایسا سندھ، کے پی اور بلوچستان بھی صاف ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز پاکستان کے ہر صوبے کے عوام کو بہتر سہولیات ملتی دیکھنا چاہتی ہے۔