سلمان پاشا نامی شخص نے اپنی بیوی اور اُس کے رشتہ داروں پر ہراسانی کے الزامات لگاتے ہوئے فیس بک لائیو کے دوران خودکشی کی کوشش کی، پیشے کے اعتبار سے یہ شخص ایک ہائیڈرولک مکینک ہے اور حال ہی میں کویت سے واپس وطن آیا تھا۔ یہ واقعہ بھارت کی ریاست کرناٹک میں پیش آیا۔
سلمان پاشا کی شادی نکہت فردوس سے چار سال قبل ہوئی تھی۔ شادی کے ابتدائی دو سال جوڑا خوش و خرم زندگی گزار رہا تھا، تاہم اختلافات اُس وقت پیدا ہوئے جب سلمان بیرونِ ملک ملازمت کے سلسلے میں گئے اور نکہت اپنے میکے منتقل ہو گئیں۔
سلمان نے اپنی فیس بک لائیو ویڈیو میں الزام لگایا کہ اُن کی بیوی، اُس کے گھر والے، اور اُس کے رشتہ دار سید برہان الدین جو کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے تُمکورو ضلع صدر ہیں، اُنہیں ذہنی طور پر اذیت پہنچا رہے ہیں اور مالی دباؤ ڈال رہے ہیں۔ سلمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اُن کی بیوی کا برہان الدین سے ناجائز تعلق ہے اور وہ اُنہیں اپنے دو بچوں سے ملنے نہیں دیتی۔
ویڈیو میں سلمان نے پولیس پر بھی الزام لگایا کہ خواتین پولیس اسٹیشن اُس کی بیوی کے خاندان کا ساتھ دے رہا ہے اور پہلے بھی اُس پر جھوٹا مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔ اسی دوران اُس نے خودکشی کی کوشش کی، تاہم فوری طور پر اہلِ علاقہ نے اُنہیں اسپتال پہنچایا، جہاں وہ فی الحال تُمکورو ڈسٹرکٹ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
سلمان کی فیملی نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے دفتر میں شکایت درج کراتے ہوئے منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر سلمان کی بیوی سید نکہت فردوس نے شوہر کے تمام الزامات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان پہلے بھی کئی بار اس طرح کے ڈرامے کر چکا ہے۔
اُنہوں نے کہا، ’سلمان پہلے بھی اس طرح کے ڈرامے کر چکا ہے۔ ایک بار اُس نے صابن والا پانی پی کر خودکشی کا ڈرامہ کیا، اور مجھے دفتر میں تیزاب ڈالنے کی دھمکی دی تھی۔ میں اُس کے خلاف پہلے ہی شکایت کر چکی ہوں۔ اب وہ صرف لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنا چاہتا ہے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور دونوں فریقین کے بیانات کی تصدیق کے بعد ہی اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔