سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان نشتر کالونی ناکے پر فائرنگ کے تبادلے میں نواب ٹاؤن کے علاقے میں 2 کروڑ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ایک ڈاکو ہلاک اور 2فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نشتر کالونی سوار حسین روڈ کے قریب پولیس ناکے پر مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جہاں ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور پیچھا کرنے پر فائرنگ شروع کر دی۔
دو طرفہ فائرنگ کے دوران ایک ملزم محمد رمضان ہلاک جب کہ اس کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔
ہلاک ملزم محمد رمضان پشاور کا رہائشی اور متعدد مقدمات میں اشتہاری نکلا۔ ملزم سیالکوٹ میں ڈکیتی کے مقدمات نمبر 796/22 اور 141/22 میں بھی مطلوب تھا۔ اس کے علاوہ ملزم محمد رمضان لاہور تھانہ نواب ٹاؤن کی 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں بھی ملوث تھا ۔
ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس ٹیم محفوظ رہی، تاہم سرکاری گاڑی پر گولیاں لگیں۔