پاکستان مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا ہمیشہ محافظ رہے گا، وزیراعظم

0 minutes, 0 seconds Read
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہمیشہ محافظ رہے گا، ہر مسلمان ان مقدس ترین مقامات کی حفاظت کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے کو تیار ہے۔

سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں آنے والے اعلیٰ سطحی سعودی تجارتی وفد کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حفاظت میں سعودی بھائیوں کے ساتھ شرکت پر فخر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ کاروباری منصوبوں، تجارت و صنعت کے فروغ اور تحقیق و ترقی کے میدان میں تعاون کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اشتراک سے کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور مشترکہ منصوبے شروع کریں۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بنیادی طور پر اُن برادرانہ تعلقات کی باضابطہ شکل ہے جو کئی دہائیوں سے غیر رسمی طور پر قائم تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پاکستان میں سازگار کاروباری ماحول کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زراعت، ڈیری فارمنگ، گوشت کی پراسیسنگ، فوڈ سیکیورٹی، دوا سازی اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی بڑی گنجائش موجود ہے۔

Similar Posts