اے این پی کے صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد پر کسی حکومت کو سپورٹ کریں گے نہ ہی ایسی حکومت کا حصہ بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ استعفے کے بعد علی امین گنڈاپور کے لیے میری ہمدردی بڑھ گئی ہے، سیکیورٹی مسئلہ پیش آیا تو وہ میرے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوا۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ انہیں ہٹانے کی وجہ کیا ہے، کیا علی امین ڈیلیور نہیں کر پائے یا وہ کرپٹ تھے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو گھر بھیج رہے ہیں لیکن یہ وضاحت قوم کے سامنے آنی چاہیے۔
خیال رہے کہ علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہدایت پر وزارت اعلیٰ سے استعفے دے دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر علی گوہر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علی امین گنڈا پور سے صوبے میں امن امان اور دہشت گردی کے معاملات پر تحفظات تھے۔