سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اورکزئی میں فوجی افسران اور 11 جوانوں کی شہادت میں ملوث 30 خوارج ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے خیبرپختونخوا کے علاقے اورکزئی میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 30 خوارج کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 جوانوں کی شہادت میں ملوث دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اورکزئی حملے میں ملوث بڑی تشکیل کے تمام 30 خارجی اپنے انجام کو پہنچا دیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز ملک  بھر سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل اورکزئی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے دوران 11 جوان شہید ہوئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں فورسز نے 19 خوارج کو ہلاک کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ آپریشن کے دوران مؤثر کارروائی میں 19 ’دہشت گرد‘ مارے گئے۔ 

لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق دستے کی قیادت اور سیکنڈ اِن کمانڈ میجر طیب راحت نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

دیگر شہید فوجیوں میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عادل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالب فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔

 

 

 

Similar Posts