دنیا بھر کے سفراء اور مملاک کے سربراہان کی پاکستانی عوام کو دعاؤں کے ساتھ عیدالفطر کی مبارکباد

0 minutes, 0 seconds Read

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستانی عوام سمیت تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’عیدالفطر مسلمانوں کے لیے ایک اہم دن ہے، جو اتحاد، ایثار اور شکر گزاری کی علامت ہے۔‘

امریکی قونصل خانہ پشاور کی جانب سے عیدالفطر کی مبارکباد

امریکی قونصل خانہ پشاور نے بھی پاکستانی عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ ’یہ خوشیوں بھرا دن آپ اور آپ کے پیاروں کے لیے مسرت، سکون اور بے شمار برکتیں لے کر آئے۔‘

امریکا میں عید مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

امریکا میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، جہاں پچاس ریاستوں میں ایک ہزار سے زائد مقامات پر عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

نماز عید کے اجتماعات میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی، اور نماز کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ علما نے اپنے خطبات میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حق میں دعا بھی کی۔

مسلم ممالک میں عیدالفطر کا دوسرا روز، روح پرور اجتماعات اور فلسطین میں آزمائشوں کے سائے

ریاض/دوحہ/استنبول: سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور دیگر مسلم ممالک میں آج عیدالفطر کا دوسرا روز ہے۔ گزشتہ روز مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، جن میں لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی۔

مسجد الحرام میں امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے نماز عید کی امامت اور خطبہ دیا، جبکہ مسجد نبوی میں شیخ عبداللہ نے امامت کرتے ہوئے مسلمانوں کو اخوت، اتحاد اور خیرخواہی کی تلقین کی۔

قطر میں فٹبال ورلڈ کپ اسٹیڈیم میں نماز عید کا بڑا اجتماع منعقد ہوا، جس میں ہزاروں افراد، بشمول خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ استنبول، روم اور سوئیڈن کی مساجد میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

فلسطین میں عید، اسرائیلی جارحیت کے سائے میں

فلسطین میں عیدالفطر کا دوسرا روز بھی اسرائیلی جارحیت کے سائے میں گزر رہا ہے۔ مسجد اقصیٰ میں تکبیرات کی صدائیں بلند ہوئیں اور 75 ہزار فلسطینیوں نے نماز عید ادا کی۔

جبالیہ میں فلسطینیوں نے اپنے تباہ شدہ گھروں کے ملبے کے قریب نماز عید ادا کی، جبکہ خواتین نے محدود پیمانے پر روایتی مٹھائیاں تیار کیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میں نماز کے بعد کچھ افراد نے مٹھائی تقسیم کی۔

غزہ میں امدادی سامان کی بندش کے باعث شدید غذائی قلت ہے، جس کی وجہ سے عید کے موقع پر بھی فلسطینیوں کے پاس کھانے کو کچھ زیادہ نہیں، تاہم خواتین نے اپنی استطاعت کے مطابق روایتی مٹھائیاں بنائیں۔

خان یونس اور رفح میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں، جبکہ دوسری جانب غزہ جنگ بندی مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ حماس نے مزید پانچ یرغمالیوں کی رہائی پر اتفاق کیا ہے، جبکہ اسرائیل نے دس یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سوڈان: جنگ کے سائے میں عیدالفطر کا دوسرا روز

جنگ زدہ سوڈان میں عیدالفطر کا آج دوسرا روز ہے، جہاں عوام روایتی جوش و خروش کے ساتھ عید منا رہے ہیں اور جنگ کے خاتمے کی امید کر رہے ہیں۔

گولیوں سے چھلنی مساجد کئی مہینوں سے جاری لڑائی کی گواہ ہیں۔ شہریوں نے خونریزی کے خاتمے اور اپنے گھروں کو واپسی کی دعائیں مانگی۔

سعودی ولی عہد اور لبنان کے وزیراعظم کی ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے مکہ میں ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں خطے کی صورتحال، لبنان کے حالات اور دوطرفہ باہمی تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت اور قومی سلامتی کے مشیر بھی موجود تھے۔

سفراء کی مبارکباد

علاوہ ازیں، پاکستان میں موجود یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے عید پر ویڈیو شیئر کی۔

پاکستان میں جاپانی سفیر اکاماٹسو شوچی نے اہل پاکستان کو عید کی پرمسرت مبارکباد دی اور اردو زبان میں ویڈیو پیغام ریکارڈ کرایا، ساتھ ہی پاکستان زندہ باد اور پاک جاپان دوستی زندہ باد کے نعرے بھی لگا دیے۔

روسی سفیر نے مبارکباد دیتے ہوئے علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھا۔

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم العرابی نے عید پر پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی۔

Similar Posts