کھجور آئس کریم: سعودی عرب میں منفرد ذائقے کا نیا تجربہ

سعودی عرب میں کھجور کو صرف روایتی پھل کے طور پر استعمال کرنے کے بجائے جدید کھانوں کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایک انتہائی دلچسپ اور منفرد پروڈکٹ ”ڈیٹ آئس کریم“ (کھجور آئس کریم) متعارف کروائی گئی ہے، جو روایتی ذائقے اور جدید فوڈ ٹیکنالوجی کا ایک بہترین امتزاج ہے۔

اس منفرد آئس کریم کی تیاری کے لیے کھجور کا پیسٹ استعمال کیا جاتا ہے، جسے خاص مقدار میں آئس کریم کے بنیادی مکسچر میں شامل کیا جاتا ہے۔ اس طرح کھجور کے ذائقے، مٹھاس اور آئس کریم کی نرم ساخت میں توازن پیدا کیا جاتا ہے۔

اس کے بعد مکسچر کو پروسیسنگ، ٹھنڈا کرنے اور منجمد کرنے کے مختلف مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ آخر میں اسے مناسب پیکنگ میں محفوظ کیا جاتا ہے تاکہ صارفین تک پہنچایا جا سکے اور یہ طویل عرصے تک قابل استعما ل رہے۔

کھجور سے تیار کی جانے والی یہ آئس کریم کیفے، ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں میں پیش کی جا سکتی ہے، جبکہ اسے دکانوں پر پیک شدہ شکل میں فروخت کرنے کی بھی گنجائش موجود ہے۔

اس کے علاوہ سیاحوں اور تحفے دینے کے لیے اسے خوبصورت پریمیم پیکنگ میں بھی تیار کیا جا سکتا ہے، جس سے سعودی کھجور کو ایک نئے انداز میں پیش کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

العربیہ اردو کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس تجربے میں شامل محمد الصالحی نے کہا کہ کھجور سے تیار ہونے والی آئس کریم کا یہ انوکھا تجربہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے دروازے کھولے گا، جو سعودی ثقافت کی عکاسی کرنے والی پراڈکٹس بنانا چاہتے ہیں۔

صارفین کی مختلف ضروریات کو دیکھتے ہوئے کھجور آئس کریم کو مختلف سائز اور پیکنگ میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ اسے کھجوروں اور زرعی مصنوعات سے متعلق میلوں، تہواروں اور دیگر تقریبات میں بھی متعارف کرانے کی گنجائش موجود ہے۔

یہ تجربہ سعودی عرب میں کھجور کو نئی غذائی مصنوعات میں تبدیل کرنے کی وسیع کوششوں کا حصہ ہے۔ مقصد یہ ہے کہ کھجور کو صرف خام زرعی پیداوار کے طور پر فروخت کرنے کے بجائے اس سے ایسی مصنوعات تیار کی جائیں جو مختلف مارکیٹوں اور صارفین تک پہنچ سکیں۔

Related posts