افغان اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج کو خراجِ تحسین؛ پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

افغان اشتعال انگیزی کے مؤثر اور بھرپور جواب پر پاک فوج کے حق میں خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔

یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی بہادر، مدبر اور جرات مند قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پاک فوج نے مشکل حالات میں جس پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

ایوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس واضح عزم کی مکمل تائید کی کہ پاکستان کے دفاع، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

قرارداد میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس بیان کو بھی سراہا گیا جس میں انہوں نے افغان جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ  پاکستان کی سرحدیں مقدس امانت ہیں اور ان کی حفاظت ہر شہری کا فرض ہے۔

قرارداد کے مطابق افغان جارحیت کے جواب نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے مگر یہ ہماری کمزوری نہیں بلکہ طاقت اور استقامت کی علامت ہے۔ ایوان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد کھڑی ہے۔

قرارداد کا اختتام  پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعروں پر کیا گیا، جبکہ حکومتی اراکین نے قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہوئے فوج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Similar Posts