ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرخزانہ کے دورۂ امریکا میں آئی ایم ایف حکام سے قرض پروگرام کی اگلی قسط ڈیل ہونے کی توقعات، ریکوڈک منصوبے میں 3.5ارب ڈالر متوقع فنڈنگ اور سعودی سرمایہ کاری کی امید سے پیر کو بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا، نئے انفلوز کی توقعات اور ترسیلات زر 11.3فیصد بڑھنے سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
ایک موقع پر ڈالر کی قدر 17 پیسے کی کمی سے 281 روپے روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر صرف ایک پیسے کی کمی سے 281 روپے 16پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 282 روپے 20 پیسے کی سطح مستحکم رہی۔