غزہ پر اجلاس کے دوران مائیک کھلا رہ گیا، ٹرمپ اور انڈونیشن صدر کی خفیہ گفتگو ریکارڈ

غزہ سربراہی اجلاس کی تقریب میں انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی دلچسپ گفتگو وہاں رکھے مائیک میں ریکارڈ ہوگئی جس میں انڈونیشین صدر پرابوو سبیانتو امریکی صدر سے اُن کے بیٹے ’ایرک ٹرمپ‘ سے ملاقات کی درخواست کرتے سنائی دیے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ٹرمپ نے غزہ پر مرکوز مصر کے شہر شرم الشیخ میں ایک بین الاقوامی اجلاس میں خطاب کے بعد پرابوو سے غیر رسمی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں کو ویڈیو فوٹیج میں بات کرتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم وہ اس بات سے لاعلم تھے کہ ان کی گفتگو مائیک پر ریکارڈ ہو رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریکارڈ شدہ گفتگو میں سنا جا سکتا ہے کہ پرابوو سبیانتو ایک ایسے علاقے کا ذکر کرتے ہیں جو سلامتی کے لحاظ سے محفوظ نہیں اور پھر ٹرمپ سے پوچھتے ہیں کہ، “کیا میں ایرک سے ملاقات کر سکتا ہوں؟”

اس پر ٹرمپ جواب دیتے ہیں کہ، ”میں ایرک کو فون کرنے کو کہوں گا، ٹھیک ہے؟ وہ بہت اچھا لڑکا ہے، میں اپنے بیٹے کو کہوں گا کہ آپ کو فون کرے۔“

صدر ٹرمپ کے جواب میں پرابوو کہتے ہیں کہ، ”ہم اس کے لیے بہتر جگہ دیکھ لیں گے، جس پر ٹرمپ دوبارہ کہتے ہیں کہ،“میں ایرک کو کہوں گا کہ وہ آپ کو کال کرے۔“

ٹرمپ کے دونوں بیٹے ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر، ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹو نائب صدور کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ کمپنی ریئل اسٹیٹ، اور بلاک چین سے متعلق کاروباروں میں مصروف ہے۔


AAJ News Whatsapp

تاہم وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں انڈونیشین سفارت خانے نے اس غیر متوقع گفتگو پر کسی قسم کا تبصرہ جاری نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی سربراہی اجلاس غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد منعقد ہوا تھا، جس میں کئی عالمی کے رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر امریکا اور تین ثالث ممالک مصر، ترکی اور قطر کے سربراہان نے مشترکہ طور پر غزہ امن معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

Similar Posts