تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے بلاک 19 میں قائم رہائشی عمارت کے فلیٹ سے خاتون کی گلا کٹی لاش ملی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔مقتولہ کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت 55 سالہ شمیم اختر زوجہ بشیر احمد کے نام سے کی گئی۔ اس حوالے سے ایس ایچ او شارع فیصل انعام جونیجو نے بتایا کہ مقتولہ بیوہ تھی جو فلیٹ میں اپنی بیٹی ، نواسہ اور نواسی کے ہمراہ رہتی تھی جس وقت واردات ہوئی خاتون گھر میں اکیلی تھی جبکہ بیٹی اور اس کے بچے کام پر گئے ہوئے تھے اور جب وہ واپس گھر آئے تو واردات کا علم ہوا جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں شبہ ہے کہ کسی ذاتی رنجش کی بنا پر خاتون کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا گیا ہے۔ تاہم، کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد حاصل کیے ہیں جس کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائیگا جبکہ پولیس مکینوں سے بھی معلومات حاصل کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کو تلاش کر کے فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے تاکہ واردات کے حوالے سے کچھ اہم معلومات حاصل کی جا سکے۔
دریں اثنا سرجانی کے علاقے تیسر ٹاؤن اجمیر گوٹھ کے قریب جھاڑیوں نوجوان کی چند روز پرانی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد حاصل کرنے کے بعد لاش چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاش دو سے تین دن پرانی بتائی جاتی ہے۔ نوجوان کی شناخت 18 سالہ افتخار کے نام سے کی گئی جس کی فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید چھان بین کر رہی ہے ۔