احتجاج کیس، علیمہ خان کو ضمانت منسوخی کیلئے نوٹس جاری

تھانہ صادق آباد احتجاج کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو ضمانت منسوخ کرنے کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تھانہ صادق آباد احتجاج کیس کے حوالے سے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیوں نہ غیر حاضری پر آپ کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

عدالت نے علیمہ خان کو 20 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا اور ساتھ ہی علیمہ خان کی ضمانت دینے والے شہری عمر شریف کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔

عدالت نے ضامن عمر شریف کو ضمانتی رقم ایک لاکھ روپے کے ہمراہ 20 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ آپ نے علیمہ خان کی ضمانت دی لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں تو کیوں نہ یہ ضمانت کی رقم ضبط کی جائے۔

Similar Posts