ارمغان کیخلاف منی لانڈرنگ اور کال سینٹر کیس میں چالان نہ پیش کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی

ضلع ساؤتھ کی عدالت نے ارمغان کیخلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور منی لانڈرنگ کے کیس میں تفتیشی افسر کو مقدمہ کا چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

سٹی کورٹ میں قائم ضلع جنوبی کی عدالت میں ارمغان کیخلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور منی لانڈرنگ کےکیس کی سماعت ہوئی۔

ایف آئی اے کے تفتیشی افسر مقدمہ کا چالان پیش کرنے میں ناکام رہے۔

عدالت نے چالان جمع نہ کرائے جانے پر تفتیشی افسر پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ جج  نے ریمارکس میں کہا کہ گزشتہ کئی سماعتوں سے مہلت دی جارہی ہے، لیکن اس کے باوجود اب تک چالان پیش نہیں کیا جاسکا، اگر تفتیشی افسر کی جانب سے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو کارروائی کی جائے گی۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو مقدمہ کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم ارمغان قریشی 2018 سے ڈیفنس میں غیر قانونی کال سینٹر چلا رہا تھا، کال سینٹر کے ذریعے دھوکہ دہی اور بھتہ خوری کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ہراساں کیا جاتا تھا، کال سینٹر کے ملازمین کو بین الاقوامی شہریوں کی معلومات نکالنے کی ٹریننگ دی گئی تھی، کال سینٹر میں غیر ملکی شہریوں کے کریڈٹ کارڈز کی معلومات بھی نکالی جاتی تھی۔

ملزم ارمغان کیخلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں مقدمہ درج ہے۔

Similar Posts