ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن ایک نمبر پر تیز رفتار پانی کے ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار کر روند ڈالا۔
حادثے کے نتیجے میں دس سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا جو موٹرسائیکل پر سوار تھا جبکہ بائیک چلانے والا شخص زخمی ہوا۔
واقعے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے پانی کے ٹینکر کے شیشے توڑے اور اُس کو آگ لگادی۔
پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کیا جبکہ فائربریگیڈ حکام نے آگ پر قابو پایا۔
پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کو ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُس کی شناخت 10 سالہ جاوید کے نام سے ہوئی۔