ایچ ای سی ؛ سلیمان احمد ریجنل ڈائریکٹر کراچی تعینات، نوٹیفکیشن جاری

اعلی تعلیمی کمیشن آف پاکستان (ایچ ای سی) نے تقریبا 1 ماہ کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں قائم ریجنل دفتر کے سربراہ کو تعینات کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ایچ ای سی کے ریجنل دفتر میں سربراہ کی تقرری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ 

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایچ آر ایم کے نوٹیفکیشن کے مطابق این اے ایچ ای میں تعینات گریڈ 19 کے افسر سلیمان احمد کو کراچی ریجن کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایکسپریس نے اس معاملے پر منگل کو اس حوالے سے خبر دی تھی نئے تعینات ہونے والے افسر سلیمان احمد اس سے پہلے بھی کراچی میں اسی عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ تقریبا 1 ماہ سے ایچ ای سی کے ریجنل ڈائریکٹر کراچی کی اسامی پر بھی کوئی افسر موجود نہیں تھا ریجنل ڈائریکٹر کراچی نذیر حسین کا تبادلہ گزشتہ ماہ کرکے انھیں ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس مقرر کیا گیا تھا۔

جس کے بعد سے تاحال اس اسامی پر کسی مستقل افسر کی تقرری نہیں ہوسکی تھی اور کراچی میں ایک جونیئر افسر کو ریجنل ڈائریکٹر کے امور تفویض کیے گئے تھے اور پورے سندھ کی اعلی تعلیم کا بوجھ اٹھانے والا یہ دفتر ایڈہاک ازم پر چل رہا تھا۔

یاد رہے کہ کراچی سمیت پورے سندھ کی سرکاری و نجی جامعات کے طلبہ اپنی اسناد کی تصدیق کے لیے پورٹل پر اپلائی کرتے ہیں جبکہ اسی طرح روزانہ سیکڑوں افراد کراچی میں قائم اس دفتر کیا وزٹ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین ایچ ای سی خود قائم مقام ہیں اور وفاقی سیکریٹری تعلیم ندیم محبوب کے پاس چیئرمین ایچ ای سی کا چارج ہے چیئرمین ایچ ای سی کے لیے ساڑھے 5 سو کے لگ بھگ درخواستیں موصول آئی ہیں اور تلاش کمیٹی کی جانب سے اسکروٹنی کا عمل تاحال نامکمل ہے۔

Similar Posts