این اے 128؛ انتخابی ریکارڈ کی نقول مانگنے کے کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن نے این اے 128 کے حوالے سے انتخابی ریکارڈ کی نقول مانگنے کے کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 لاہور کے حوالے سے کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے کی، جس میں حکام نے بتایا کہ  درخواست گزار نے  انتخابی ریکارڈ کی نقول مانگی تھیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔ متعلقہ ریکارڈ پہلے ہی الیکشن ٹریبونل میں جمع کرایا جا چکا ہے۔ رول 133 کی شق 5 کے تحت صرف امیدوار ہی ریکارڈ طلب کرسکتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ درخواست گزار امیدوار نہیں، اس لیے ریکارڈ حاصل کرنے کا اہل نہیں ہے۔

کمیشن کے رکن کے پی نے کہا کہ  الیکشن ٹریبونل مذکورہ ریکارڈ فراہم کر سکتا ہے۔ درخواست گزار ٹریبونل سے رجوع کر سکتا ہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔

Similar Posts