خیبرپختونخوا کمیشن نسواں کا خیبر امن جرگہ میں خواتین کی شمولیت کا مطالبہ

خیبرپختونخوا کمیشن برائے حیثیتِ نسواں نے خیبر امن جرگہ میں خواتین کو شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر امن جرگہ 25 اکتوبر کو ضلع خیبر باڑہ میں منعقد ہوگا اور اس کی صدارت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کریں گے۔

کمیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امن جرگہ میں خواتین کی نمائندگی نہایت ضروری ہے، خواتین کو خیبر امن جرگہ میں موجود ہونا چاہیے، خواتین کی شمولیت آئینی، قانونی اور پالیسی تقاضا ہے، خواتین کی شرکت آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 25(2) کے تحت لازم قرار دی گئی ہے، خواتین کے اختیارات کے قانون 2016ء کی شق 6(b) کے تحت عمل درآمد ضروری ہے۔

کمیشن نے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی قرارداد 1325 پر عملدرآمد کا پابند ہے، خواتین کی آواز کو امن اور پالیسی مکالموں میں شامل کرنا ناگزیر ہے، چیف سیکریٹری، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے تعاون یقینی بنائیں، سول سوسائٹی کی خواتین کو جرگہ میں نمائندگی دی جائے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے امن و امان کے حوالے سے عوام کے پاس جانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ہفتے کو خیبر میں امن جرگہ بلایا جارہا ہے جس میں صوبائی کمیشن برائے خواتین نے عورتوں کی شمولیت کی بھی سفارش کی ہے۔
 

Similar Posts