’منشیات امریکا لانے والوں کو مار ڈالیں گے،‘ امریکی صدر کا وینزویلا کے خلاف جلد زمینی کارروائی کا عندیہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے خلاف ممکنہ زمینی کارروائی کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات اسمگلرز کے خلاف اعلانِ جنگ کی ضرورت نہیں، “جو امریکا میں منشیات لائے گا، ہم اسے مار ڈالیں گے۔

وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ مختلف وجوہات کی بنا پر وینزویلا سے خوش نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں سمندر کے راستے منشیات کی آمد روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے وینزویلا کے قریب بی ون بمبار طیاروں کی موجودگی سے متعلق رپورٹس کی تردید کی۔

ٹرمپ نے کولمبیا کو منشیات کا گڑھ اور میکسیکو کو ’ڈرگ کارٹیلز‘ کے زیرِ اثر ملک قرار دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چین فینٹانائل کی اسمگلنگ کے لیے وینزویلا کو استعمال کر رہا ہے۔


AAJ News Whatsapp

روسی تیل کمپنیوں پر پابندیوں سے متعلق سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ”روس کو چھ ماہ بعد معلوم ہوگا کہ اِن پابندیوں کے کیا نتائج نکلتے ہیں۔“

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مغربی کنارے کے حوالے سے کسی کو تشویش نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ اسرائیل کوئی اقدام نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق، ”اسرائیل امن معاہدے کے حوالے سے بہترین کام کر رہا ہے اور مغربی کنارے کے انضمام کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔“

صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ امریکا میں آدھے سے زیادہ قتل غیر قانونی تارکینِ وطن کے ہاتھوں ہوئے ہیں۔ انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ”وہ کیوں چاہتے تھے کہ غیر قانونی تارکین امریکا آئیں؟ آخر 2 کروڑ 50 لاکھ غیر قانونی تارکین کو ملک میں آنے کی اجازت کیوں دی گئی؟“

ایک بار پھر الزام دہراتے ہوئے کہا کہ چین فینٹانائل کی اسمگلنگ کے لیے وینزویلا کو استعمال کر رہا ہے، مگر امید ظاہر کی کہ بیجنگ کے ساتھ ہونے والی ملاقات تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گی۔

وینزویلا کا ردعمل

وینزویلا کے صدر نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ ان کی مسلح افواج کے پاس پانچ ہزار روسی ساختہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل موجود ہیں، جو ملک میں کسی بھی ممکنہ امریکی فوجی مداخلت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز دو امریکی سپرسونک بمبار طیاروں نے وینزویلا کے ساحل پر گشت کیا۔ بدھ کے روز بھی امریکی بی-1 بی بمبار طیارہ کی وینزویلا کے ساحل کی جانب بڑھنے کی خبریں سامنے آئی تھیں تاہم آج ڈونلڈ ٹرمپ نے ان خبروں کو غلط قرار دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے بحیرۂ کیریبین اور وینزویلا کے قریب فورس تعینات کر رکھی ہے، جس سے یہ قیاس آرائیاں بھی جنم لے رہی ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ممکنہ طور پر وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حکومت گرانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

Similar Posts