کراچی: ڈیفنس میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان کمسن بیٹے کے سامنے قتل کردیا گیا

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں ڈیفنس کے علاقے طوبیٰ مسجد کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق، واقعہ بظاہر ڈکیتی مزاحمت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی ہے۔

ڈکیتی کے دوران شہری کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں مقتول عامر کو گاڑی کے قریب کھڑے دیکھا جا سکتا ہے جب ڈاکو وہاں پہنچے۔

فوٹیج میں ملزمان اور مقتول کے درمیان مزاحمت ہوتے دیکھی جا سکتی ہے۔

فوٹیج کے مطابق، مقتول کے ساتھ اس کا کمسن بیٹا بھی موجود تھا جو محفوظ رہا، تاہم ملزمان نے بچے کے سامنے ہی عامر پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق، ملزمان نے عامر کو اس کے 8 سالہ بیٹے کے سامنے ہی گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ڈیفنس میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کا سخت نوٹس

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ڈیفنس میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے شہری عامر سلطان کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی ساؤتھ سے واقعے کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے فوری اقدامات کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

پولیس کی خصوصی ٹیمیں واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کر رہی ہیں، تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

Similar Posts