ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ایئرلائن کی برطانیہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ 5 سال بعد بحال ہوگیا۔ اس سلسلے میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا باقاعدہ افتتاح کیا، جس کے بعد آج اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی پرواز روانہ ہوگی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس پیشرفت کو پاکستان کی سفارتی کوششوں کا کامیاب نتیجہ قرار دیتے ہوئے سفارتی عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی سول ایوی ایشن سے پابندی کے خاتمے میں پاکستانی سفارت خانے اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کلیدی کردار رہا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جعلی پائلٹ لائسنس اسکینڈل کے باعث قومی ایئرلائن پر عائد پابندی نے حکومت اور ایوی ایشن انڈسٹری کو خاصا نقصان پہنچایا، تاہم ہم نے پی آئی اے کے معیار اور ساکھ کو بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔
دوسری جانب برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد فیصل نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن کی پروازوں کی بحالی خوش آئند ہے اور جلد برطانیہ کے دیگر شہروں کے لیے بھی پروازوں کا آغاز متوقع ہے۔