پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اویس ولد موسیٰ محمد حسنی 17 سالہ اسکول ٹیچر مریم شاہوانی کے قتل کیس میں مطلوب تھا۔ مریم شاہوانی کو 16 اکتوبر کو منوجان روڈ پر گھر کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہونے کے بعد مزید تفتیش کے لیے کیس سیریس کرائمز انویسٹی گیشن ونگ کو منتقل کیا گیا تھا۔
ایس سی آئی ڈبلیو کے سربراہ ایس ایس پی عمران قریشی کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید تفتیشی طریقہ کار، ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرلی۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران پہلے مرحلے میں ایک ملزم محمد جہانزیب ولد محمد حنیف کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ مرکزی مفرور ملزم اویس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے تھے۔
گزشتہ رات کلی برات میں ملزم اویس کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی، چھاپے کے دوران ملزم اور اس کے ساتھی نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں اویس اپنے ہی ساتھی کی گولی سے زخمی ہوا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے زخمی اویس کو گرفتار کرکے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
عوامی حلقوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اسی عزم کے ساتھ کام جاری رکھیں تو شہر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔