شلپا شیٹی کی والدہ اچانک طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی کی والدہ سونندا شیٹی کو ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونندا شیٹی کو صحت کے مسائل کے باعث جمعرات کے روز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا فوری علاج شروع کیا گیا۔

شلپا شیٹی کو والدہ کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچتے دیکھا گیا، جہاں وہ واضح طور پر فکرمند دکھائی دیں۔ تاہم اداکارہ کے اہل خانہ یا اسپتال انتظامیہ کی جانب سے سونندا شیٹی کی صحت سے متعلق تفصیلی معلومات یا باضابطہ بیان تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

یاد رہے کہ ان دنوں شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا پہلے ہی ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، کیونکہ ان پر مبینہ طور پر 60 کروڑ بھارتی روپے کے مالی فراڈ کے مقدمے کی تحقیقات جاری ہیں، اور عدالت نے اس کیس میں لوک آؤٹ سرکلر بھی جاری کیا ہے۔

Similar Posts